بنگلورو، 12؍ جولائی (ایس او نیوز) سینئر بی جے پی لیڈر تھاورچند گہلوت نے اتوار کے روز بنگلورو کے راج بھون میں کرناٹک کے 19 ویں گورنر کے عہدے کا حلف لیا۔ کرناٹک ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ابھئے سرینواس اوکا نے نئے گورنر کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا ۔ تھاورچند گہلوت نے ہندی زبان میں حلف لیا۔
اس تقریب میں رخصت پذیر گورنر واجو بھائی والا، وزیر اعلیٰ ایس ایڈی یورپا ، اپوزیشن لیڈر سدارامیا ، ریاستی کابینہ کے وزرا اور دیگر متعدد اہم شخصیتوں نے شر کت کی۔ تقریب کے آغاز پر قومی ترانے کے بعد چیف سکریٹری پی روی کمار نے گورنر کے تقرر کا صدارتی فرمان پڑھا جس کے بعد گورنر کی حلف برداری عمل میں آئی ۔
اس تقریب میں نائب وزرائے اعلیٰ اشوتھ نارائن ، گووند کارجول ، راجیہ سبھا کے اپوزیشن لیڈر ملیکارجن کھرگے ، مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے ، اراکین لوک سبھا پی سی موہن، سما لتا، رکن راجیہ سبھا کے سی رام مورتی، کابینی وزرا ایشورپا ، سومنا ، آراشوک ، بسوراج بومئی، ایس ٹی سوم شیکھر ، ڈاکٹر کے سدھا کر ، سی پی وی یوگیشور ، آرشنکر، کرناٹکا لوک آیوکتہ جسٹس پی واشواناتھ شیٹی ، چیف انفارمیشن کمشنر این جی سرینواس ، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس پرواین سود، بنگلورو سٹی پولیس کمشنر کمل پنت، بنگلورو ارابن کے ڈپٹی کمشنر جی منجوناتھ، محکمہ ڈی پی اے آرکی سکریٹری پی ہیمالتا اور دیگر نے شرکت کی۔